حب :  گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں دفعہ 144 کے خلاف مزدوروں کا احتجاج

436

حب میں   گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں دفعہ 144 کے خلاف مزدوروں کا احتجاج ۔

حکومت بلوچستان سے پابندی ہٹانے کا مطالبہ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق  کے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے مزدوروں نے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں تیسرے روز بھی کام بند رہنے اور دفعہ 144 لگانے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا ,شپ بریکنگ یارڈ میں محکمہ ماحولیات بلوچستان کی جانب سے گڈانی میں جہازوں کی کٹائی پر پابندی کے خلاف گڈانی کے مزدوروں نے ریلی میں کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

گڈانی کے مزدوروں کو بے روزگار کئے جانے کے احکامات کے خلاف احتجاجی ریلی سے مزدور رہنما بابو کریم جان ,ٹرانسپورٹ رہنما سید نورشاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک پلاٹ پر آتشزدگی کے باعث پوری صنعت کو بند کرکے دفعہ ایک سو چوالیس لگانا اور مزدوروں کے خلاف جھوٹے ایف آئی آر درج کرنا بلیک میلنگ کے سوا کچھ نہیں ۔

انھوں نے کہاکہ بلاجواز پورے شپ بریکنگ میں کام بند کرانے سے ہزاروں مزدوروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور مزدوروں کے بچے فاقہ کشی پرمجبور ہیں۔

انھوں نے کہاکہ اگر 48 گھنٹے تک شپ بریکنگ یارڈ میں بحری جہازوں کی کٹائی پر عائد پابندی ختم نہ کی گئی تو محنت کش احتجاج کا نہ روکنے والا سلسلہ شروع کر دیں گے اور حالات کے خراب ہونے کی ذمہ داری محکمہ ماحولیات کی ہوگی انھوں نے وزیراعلی بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔