کوئٹہ میں پانی کے غیر قانونی کنکشن کی وجہ واسا مالی بحران کا شکارہے

231

کوئٹہ میں پانی کے غیر قانونی کنکشن کی وجہ واسا مالی بحران کا شکارہے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق واسا حکام نے کہا کہ کوئٹہ میں صارفین کے ذمہ چالیس کروڑ روپے تک کے واجبات ہیں جنہیں وصول کر نے کیلئے واسا نے نادھندہ کنیکشنز منقطع کر نے کی مہم تیز کر دی ہے۔

ایم ڈی واسا کوئٹہ ولی محمد بڑیچ نے کوئٹہ میں میڈیا کو بتایا کہ گھریلو اور کمرشل صارفین کے ذمہ بلوں کی مد میں چالیس کروڑ روپے کے واجبات ہیں،جس کی ریکوری نہ ہونے کے برابر ہے۔ بائیس لاکھ کی آبادی میں ریجرڈ صارفین کی تعداد صرف اکیانوے ہزار ہے جبکہ بڑی تعداد میں لوگوں نے غیر قانونی کنکشن حاصل کر رکھے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ بقایا جات کمرشل صارفین کے زمہ ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں روزانہ چھ کروڑ گیلن پانی کی ضرورت ہے جس میں واسا کو یومیہ دوکروڑ گیلن کی قلت کا سامنا ہے۔بحران پر قابوپانے اور پانی کی سپلائی بہتر بنا نے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر مہم چلائی جارہی ہے ،جس میں نادھندہ اورغیر قانونی کمرشل کنکشن اور غیر قانونی  ٹیوب ویلوں کے خلاف بھی کاروائی جاری ہے