یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا ہے کہ اساتذہ نے دنیا کو جہالت اور تاریکی سے نکال کر علم اوروشنی کی جانب گامزن کیا ہے اور وہ دنیامیں امن، ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر شعبہ تعلیم کے زیر اہتمام تربت یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
دریں اثناء تربت یونیورسٹی کے گوادار کیمپس اور مین کیمپس کے دوسرے شعبہ جات کے طالب علموں نے اپنے محترم اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیئے تقاریب منعقد کرکے اساتذہ کا عالمی دن بھرپورطریقے سے منایا۔ اس ریجن میں اعلی تعلیم کے فروغ میں تربت یونیورسٹی کے اساتذہ کرام کی خدمات کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ ہمارے اساتذہ قوم کے مستقبل طالب علموں کی پرسنلٹی اور انکی کئیریر کو سنوارنے اور ادارے کے تشخص کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجودہمارے اساتذہ علم کے فروغ کے ساتھ ساتھ معاشرے میں برداشت رواداری اور روشن خیالی کو پروان چڑھانے میں اپنے فرائض منصبی خوش اسلوبی سے ادا کررہے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ اساتذہ اور انتظامیہ کے ٹیم ورک اور ان تھک کاوششوں کی بدولت تربت یونیورسٹی کا شمار ملک کی نامور یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے۔وائس چانسلر نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اساتذہ سمیت اپنے ملازمین کی وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور یونیورسٹی کے اجتماعی مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے گا اور کسی کو بھی یونیورسٹی کے امیج کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا طالب علم ،اساتذہ کرام اور انتظامیہ ادارے کے کلیدی اسٹیک ہولڈر ہیں ان کے درمیان باہمی تعاون ، رواداری اور عزت کے رشتے کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
انہوں نے اس بات ہر زور دیا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اپنی تمام تر توانیاں اور توجہ یونیورسٹی کی ترقی اور علاقے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ پر مرکوز رکھیں کیوں کہ آج کا دور علم و تحقیق کا دور ہے اور اساتذہ کے بغیرعلم کا حصول اور تحقیقی سرگرمیاں ممکن نہیں ان کے بغیر نہ ہم ترقی کرسکتے ہیں نہ خوشحال اقوام کا صف میں شامل ہوسکتے ہیں۔اپنے اساتذہ کرام کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آج ہم یہاں اکھٹے ہوئے ہیں جس کے وہ مستحق ہیں۔اساتذہ کی فلاح و بہبود کے لئے انہوں نے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زوردیا۔
انہوں نے کہاکہ مختصر عرصے میں اساتذہ کرام اور دیگرملازمین کی کوششوں، لگن اور محنت سے تربت یونیورسٹی ایک اہم اعلی تعلیمی ادارہ بن گیاہے۔ تربت یونیورسٹی کی ترقی کا یہ سفر بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گا۔انہوں نے کہاکہ تربت یونیورسٹی ہماری آئندہ نسلوں کی امانت اور قومی اثاثہ ہے اور میرٹ ،مالیاتی و انتظامی اور تعلیمی نظم و ضبط کی پاسداری یونیورسٹی کا نصب العین ہے جس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔۔
انہوں نے کہا یونیورسٹی انتظامیہ بہتر منصوبہ بندی ،ٹیم ورک اور مثبت سوچ کے ذریعے یونیورسٹی کو مزیدوسعت دینے اور اساتذہ کے فلاح و بہبودکے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے پرعزم ہے۔ اس موقع پر شعبہ تعلیم کے لیکچرر محمد طارق کے علاوہ طلبہ و طالبات نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں تربت یونیورسٹی کے رجسٹرار غلام فاروق بلوچ،ڈین انجینئرنگ اینڈ سائنسزڈاکٹر حنیف الرحمان،ڈین ریسرچ ڈاکٹر ریاض احمد اور ڈائریکٹر ORICڈاکٹرعدیل احمد کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے سربراہان،چیئرمین، اساتذہ کرام اور طالب علموں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔