جکارتہ: انڈونیشیا کے ساحلی شہر پالو میں زلزلے اور سونامی سے ہلاک افراد کی تعداد 420 ہوگئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق انڈونیشیا میں 7.5 شدت کے زلزلے نے ساحلی شہر پالو اور اس کے نواحی علاقوں میں تباہی مچادی، سیکڑوں افراد جاں بحق و زخمی ہوئے اور کئی عمارتوں کو نقصان بھی پہنچا۔
اب تک سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق زلزلے کے باعث 420 افراد جاں بحق اور 540 شدید زخمی بھی ہوئے جب کہ ملبے تلے دبے سیکڑوں افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
متاثرہ علاقوں سے 17 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، متاثرہ علاقوں میں خوراک اور پانی کی کمی ہے جب کہ مقامی مارکیٹوں میں لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔
انڈونیشین صدر جوکو ودودو آج متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے، اس سے قبل انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں قدرتی آفت سے ہونے والے نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو متاثرین کی ہر ممکن امداد کی ہدایت کی تھی
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجیرک کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے حکام انڈونیشین حکام سے رابطے میں اور ہر طرح کی مدد کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔