سی پیک میں تیسرا اسٹریٹجک پارٹنر سعودی عرب ہوگا:وفاقی وزیر اطلاعات
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے میڈیا کو آگاہ کیا۔
کہ سعودی عوام نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا اور ساتھ ہی سعودی ولی عہد نے یقین دلایا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں جب کہ عمران خان نے بھی کہا کہ سعودی عرب کی سیکیورٹی کا تحفظ پاکستان کی سیکیورٹی کا تحفظ ہے۔
پاکستانی وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھاکہ خادم حرمین شریفین کی تجویز پر اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کی گئی ہے، اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ایک وفد سعودی عرب سے پاکستان آئے گا، وفد میں سعودیہ کے وزیر خزانہ اور وزیر توانائی بھی شامل ہونگے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب کو سی پیک میں تیسرے ساتھی کے طور پر شراکت کی دعوت دی، اب سی پیک میں تیسرا اسٹریٹجک پارٹنر سعودی عرب ہوگا، سعودیہ سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی، انہیں یقین دلایا ہے کہ سیکیورٹی کے معاملات میں مدد کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سعودی عرب اور یو اے ای سے تعلقات میں گذشتہ چند سالوں سے سرد مہری تھی جو اس دورے سے ختم ہوئی ہے، متحدہ عرب امارات میں طویل مشاورت ہوئی ہے، اکتوبر میں متحدہ عرب امارات سے بھی اعلیٰ سطح کا وفد آئے گا۔