کوئٹہ: لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے بھوک ہڑتالی کیمپ کو 3178 دن مکمل

90
File Photo

پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ اُس نے کبھی بھی عالمی قوانین اور انسانی آزادی کا احترام نہیں کیا: ماما قدیر بلوچ

بلوچستان سے جبری طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیئے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ کو 3178دن مکمل ہوگئے جبکہ خضدار سے سیاسی، سماجی کارکن محمد عالم بلوچ نے ایک وفد کے ہمراہ لاپتہ افراد و شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے کیمپ کا دورہ کیا۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اقوام متحدہ بلوچستان میں براہ راست مداخلت کرکے اپنا امن فوج تعینات کرے۔ بلوچستان میں جاری ظلم و جبری طور پر لاپتہ کرنا، مسخ شدہ لاشیں پھنکنے سمیت تمام تر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اسی حقیقت سے جڑی ہیں کہ پاکستان بلوچ سرزمین میں موجودگی عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے ۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی دنیا اگر اس خطے میں انسانی حقوق کے حوالے سے سنجیدہ ہے اور اس خطے کو بھی پر امن دیکھنا چاہتا ہے توانہیں بلوچستان میں مداخلت کرکے پاکستان کی قبضہ گیر پالیسیوں کو روکنا ہوگا،اقوام متحدہ کی ورکنگ گروپ کا دورہ بلوچستان خوش آئند تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اقوام متحدہ بھی بلوچ سرزمین پر موجود قبضہ گیر پاکستان کی بلوچ قومی نسل کشی سے چشم پوشی اختیار نہیں کر پارہا اور وہ اس خطے میں امن و انصاف دیکھنا چاہتاہے لیکن پاکستان جیسے غیر مہذب ریاست کے لیئے ہم اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان میں مداخلت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کا امن فوج تعینات کرے اور عملی اقدامات کرتے ہوئے بلوچستان میں پاکستان کے مظالم کو روکے جو اس نے اب تک انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر مسلسل رپورٹوں کی اشاعت کے بعد بھی نہیں اُٹھایا ہے ۔

ماما قدیر نے کہا کہ جس طرح اقوام متحدہ نے کوسو میں مداخلت کرکے وہاں کے لوگوں کو ظلم جبر سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کیا تھا ۔ اسی طرح ہم اقوام متحدہ سے اُمید کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان پر انسانی حقوق کا خاتمہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا ۔ پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ اُس نے کبھی بھی عالمی قوانین اور انسانی آزادی کا احترام نہیں کیا ۔ پاکستان اپنے قیام سے لیکر آج انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی پامالیاں کرتا چلا آرہا ہے ۔ بلوچستان پر قبضہ ہو یا بنگالیوں کا قتل عام پاکستان نے ہمیشہ عالمی قوانین کو پیروں تلے روند کر دنیا کو چیلنج کیا ہے۔