امریکی بحری جہاز کے لاپتا اہلکاروں کی لاشیں برآمد

166

امریکہ کی بحریہ نے کہا ہے کہ غوطہ خوروں نے حادثے کا شکار ہونے والے جنگی بحری جہاز یو ایس ایس فٹزجیرالڈ کے لاپتا ہونے والے متعدد اہلکاروں کی لاشیں تلاش کر لی ہیں۔

ہفتہ کو علی الصبح جاپان کے ساحل کے قریب اس امریکی جنگی جہاز اور ایک مال بردار بحری جہاز میں تصادم ہوا تھا۔

حکام کے مطابق تلاش کا کام بحری جہاز اور سمندر میں اتوار کو بھی اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام لاپتا اہلکاروں کا پتا نہیں چل جاتا۔

تاحال یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

اس کارروائی میں امریکہ اور جاپان کی متعدد کشتیاں اور ایک ہوائی جہاز بھی حصہ لے رہا ہے۔

‘یو ایس ایس فٹزجیرالڈ’ کی ٹکر خود سے چار گنا بڑے ایک مال بردار بحری جہاز سے ٹکر ہوئی تھی۔ یہ تجارتی جہاز فلپائن سے تعلق رکھتا تھا اور اس کا وزن 29000 ٹن اور لمبائی 222 میٹر ہے جب کہ امریکی بحری جہاز 8315 ٹن اور 154 میٹر لمبا ہے۔

امریکی بحریہ کا کہنا تھا کہ مال بردار جہاز، جنگی جہاز کے وسط سے ٹکرایا جس سے اہلکاروں کے دو رہائشی اسٹیشنز، ایک مشینری روم اور ریڈیو روم کو نقصان پہنچا۔ یہ جنگی جہاز واپس جاپان کے ساحل یوکوسوکا پہنچ گیا ہے۔

حکام کے مطابق جنگی جہاز کے پانی میں موجود حصے کو نقصان پہنچنے سے جہاز کے ان حصوں میں پانی بھر گیا تھا۔

لاپتا اہلکاروں کے ناموں کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا جو کہ ان کے اہل خانہ کو مطلع کیے جانے کے بعد ہی منظر عام پر لائے جائیں گے۔

لاپتا ہونے والے اہلکاروں کے علاوہ جنگی جہاز کے کمانڈر بریس بینسن سمیت تین اہلکار زخمی بھی ہوئے۔