کیچ: انتخابی جلسوں پر حملے

221

کیچ کے مختلف علاقوں میں مسلح افراد کا انتخابی جلسوں پر حملے

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضلع کیچ کے دو مختلف علاقوں میں مسلح افراد نے انتخابی جلسوں پر حملے کیے۔

تفصیلات کے مطابق پہلے حملے میں کیچ کے علاقے ڈنُک میں نامعلوم مسلح افراد نے میر ساجد اور اسحاق دشتی کے انتخابی جلسے پر فائرنگ کر کے نشانہ بنایا۔

دریں اثناء کیچ ہی کے علاقے نوک آباد میں پی بی 46 اور این اے 271 سے آزاد امیدوار میر ہوتمان بلوچ کے جلسے پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے نشانہ بنایا۔ تاہم دونوں حملوں میں جانی نقصانات کی مصدقہ اطلاعات موصول نہیں ہوسکی ہے۔

یاد رہے اس سے قبل بھی کیچ کے علاقوں سرنکن اور میر آباد کے درمیانی علاقے میں بی این پی مینگل کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی بی 47 حمل بلوچ کے قافلے پر مسلح افراد نے حملہ کیا تھا ۔ حملے میں نقصانات کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی ۔ اسی طرح پی بی ۴۴ کے اُمیدوار اور نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما خیر جان بلوچ کے قافلے پر نامعلوم مسلح افراد نے جھاؤ میں لال بازار کے مقام پر حملہ کیا تھا ۔

واضع رہے بلوچستان میں سرگرم تمام آزادی پسند مسلح تنظیموں نے عام انتخابات سے قبل اپنے ہونے والے حملوں کے حوالے سے الگ الگ بیانات بھی جاری کیے تھے اور عوام کو الیکشن کی سر گرمیوں سے دور رہنے کی تاکید کی تھی۔