پاکستان اور ایران میں عسکری تعاون بڑھانے پر اتفاق

272

ایرانی آرمی چیف میجر جنرل محمد باقری کے دورہ پاکسستان کے موقع چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی فوجی تعاون کومزید فروغ دینے پر رضامندی کا اظہار کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی فوج کے سرابراہ 3 روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے، ان کے اس دورے کو خاصی اہمیت کی نظر سے دیکھا جارہا ہے کیوںکہ پاکستان اور ایران کے مابین فوجی تبادلے نہ ہونے کے برابر ہیں اس کی وجہ دونوں مماک کے درمیان باہمی اعتماد کی کمی ہونا ہے جو انہیں تقسیم کیے رکھتی ہے۔

دورہ پاکستان کے موقع پر ایرانی جرنیل نے نگراں وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی جس کے بعد وہ پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کیلئے جنرل ہیڈ کوارٹر ( جی ایچ کیو) راوالپنڈی پہنچے۔

 فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے پاکستان اور ایران کے مابین باہمی فوجی تعلقات میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

آرمی چیف کی پیشکش پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی کمانڈر نے دونوں برادر ممالک کے تعلقات بہتر بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔