افغانستان : اشرف غنی کے دورہ جلال آباد ، شہر میں خود کش حملہ19 افراد جانبحق

289

افغان حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی صوبے ننگرہار میں ایک خود کش حملے کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں افغانستان کی ہندو اور سکھ اقلیتوں کے کم سے کم 10 افراد شامل ہیں۔

مقامی پولیس کے سربراہ جنرل غلام سانائی بتایا کہ حملے کا شکار ہونے والے یہ افراد اتوار کی دوپہر کو افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کرنے کیلئے جلال آباد میں واقع گورنر کے دفتر جا رہے تھے۔ اس حملے میں مزید 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اس حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔ تاہم صوبائی حکام اس کیلئے داعش کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس علاقے میں طالبان اور داعش بھرپور انداز میں متحرک ہیں۔

اس حملے سے قبل سرکاری اہلکاروں نے تصدیق کی تھی کہ داعش کے مشتبہ جنگجوؤں نے ہفتے کے روز ننگرہار کھوگیانی ضلع میں ایک سرکاری سکول کے تین محافظوں کے سر قلم کر دئے تھے اور سکول کو نذر آتش کر دیا تھا۔

صوبے کے محکمہ تعلیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک یار بوائز ہائی سکول کی لائبریری اور ملحقہ انتظامیہ کی عمارت مکمل طور پر جل گئے ہیں۔