فیفا ورلڈ کپ 2018 میں جنوبی کوریا نے سب سے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے دفاعی چیمپیئن جرمنی کو 2-0 سے شکست دے کر عالمی کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر کردیا۔
کازان ارینا میں کھیلے گئے میچ میں دفاع چیمپیئن جرمنی کو اگلے راؤنڈ میں رسائی کے لیے میچ میں لازمی فتح درکار تھی لیکن میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں بھی کوئی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی لیکن میچ کے 90 منٹ مکمل ہونے کے بعد انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں کم یونگ گون نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
ابھی جرمنی کی ٹیم اس حملے سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ایشین ٹیم نے اپنے ہاف میں موجود دفاعی چیمپیئن ٹیم کے گول کیپر نوئر کو چکمہ دے کر سون ہیونگ من کو گیند پاس کی جنہوں نے گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کی اور اپنی ٹیم کو میچ میں 2-0 سے برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
میچ میں 2-0 سے شکست کے ساتھ ہی دفاعی چیمپیئن جرمنی کی ٹیم ورلڈ کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہو گئی۔
دوسری جانب سے گروپ ایف کے ایک اور اہم میچ میں سوئیڈن نے میکسکو کو 3-0 سے شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
ایکاٹیرن برگ ارینا میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی بھی گول اسکور نہ کر سکیں لیکن دوسرے ہاف کے 5ویں منٹ میں آگسٹنسن نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
میچ کے 62ویں منٹ میں سوئیڈن نے ایک شاندار موو بنائی لیکن میکسکو کے کھلاڑی نے انہیں گول سے چند قدم کے فاصلے پر گرا کر فاؤل کیا جس پر سوئیڈن کو پینالٹی ایوارڈ کردی اور ایندریاس گرینکوسٹ نے اس پر گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کی۔ 12منٹ بعد ہی میکسکو کو ایک اور دھچکا لگا جب ایڈسن الواریز نے گول کر کے مقابلہ 3-0 کردیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔
اس شاندار فتح کے ساتھ ہی سوئیڈن نے گروپ ایف میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی جبکہ میکسکو کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی۔