پاکستان سے افغانستان اسمگل کیے جانے والے اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد

28

طورخم بارڈر کراسنگ پر پاکستان کی جانب سے افغانستان منتقل کی جانے والی بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر 525 مختلف اقسام کے ہتھیار اور متعلقہ سامان قبضے میں لیا گیا۔

صوبہ ننگرہار کے نائب گورنر غلام الرحمن حیدری کے مطابق یہ کارروائی امارتِ اسلامی افغانستان کے خفیہ اداروں اور خصوصی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انجام دی۔

اطلاعات مبینہ طور پر سرحد پار ذرائع سے فراہم کی گئی تھیں، جن کی روشنی میں کارروائی عمل میں لائی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اسلحہ افغان مہاجرین کی ایک گاڑی کے ذریعے منتقل کیا جا رہا تھا جو پاکستان سے افغانستان میں داخل ہو رہی تھی۔ برآمد شدہ سامان میں 27 ہزار کارتوس، 200 بنڈل پرمیکاٹ، 10 ایم فور رائفلیں، 10 لیزر آلات، 10 دوربینیں، 17 ٹی ٹی کلاشنکوف، ایک کلاشنکوف اور 497 مختلف اقسام کی پستولیں شامل ہیں۔

واقعے کے سلسلے میں ایک افغان اور ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس نیٹ ورک اور اس کے ممکنہ سہولت کاروں کی نشاندہی کی جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد یہ سوالات اٹھ رہے ہیں کہ اتنی بڑی مقدار میں اسلحہ پاکستان سے افغانستان منتقل کیے جانے کے باوجود جدید ٹیکنالوجی سے لیس سکیورٹی اداروں اور اسکیننگ نظام کی نظروں سے کیسے اوجھل رہا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے جامع تحقیقات اور شفاف رپورٹنگ ناگزیر ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔