ڈغاری واقعہ، پراسیکیوشن کا گواہ پیش نہ ہو سکا، مقدمے میں نامزد مزید 9 ملزمان نے عبوری ضمانت حاصل کرلی۔
کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈغاری میں غیرت کے نام پر خاتون سمیت دو افراد کے قتل کے کیس کی سماعت میں پراسیکیوشن کا گواہ پیش نہ ہو سکا، ہفتہ کو ایڈیشنل سیشن جج کی عدات میں ڈیگاری میں مبینہ طور پر غیر ت کے نام پر عورت سمیت دو افراد کے قتل کے کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت میں مبینہ طور جرگہ کے زریعے قتل کا حکم دینے والے ملزم سردار شیر باز ساتکزئی عدالت میں پیش ہوئے تاہم پراسیکیوشن کا گواہ پیش نہ ہو سکا، سردار شیر باز ساتکزئی گذشتہ سال ستمبر سے ضمانت پر جیل سے باہر ہیں۔
آج سماعت پر گواہوں کی عدم پیشی پر ایف آئی آر میں نامزد مزید 9 ملزمان نے عبوری ضمانت حاصل کرلی ہے، بعدازاں عدالت نے سماعت کو 7 مارچ تک کیلئے ملتوی کردیا ہے۔
ملزمان کی طرف سے تاج محمد مینگل ایڈووکیٹ ، اقبال ساتکزئی ایڈووکیٹ ، جہانزیب مصطفی مینگل ایڈووکیٹ اور یاسر حیات پیش ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ یہ مذکورہ قتل کا واقعہ کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈغاری میں ایک مرد احسان اللہ اور خاتون بانو بی بی، کے غیرت کے نام پر قتل سے متعلق ہے، واقعے کا مرکزی ملزم جلال خان جو مقتولہ کا بھائی ہے مفرور ہے۔
ڈغاری میں خاتون اور مرد کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس کے بعد جرگہ کے زریعے فیصلہ دینے والے سردار و دیگر سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔



















































