خضدار: شوہر دو بیٹوں کے بعد والدہ جبری لاپتہ

123

پاکستانی فورسز نے خاتون کو جبری لاپتہ کردیا، مجموعی طور پر خاندان کے گیارہ افراد لاپتہ۔

خضدار سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز نے رواں مہینے 18 فروری کو بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے گزگی میں گھر پر چھاپہ مارتے ہوئے مشکے نوکجو کی رہائشی معمر خاتون حیات بی بی کو اغوا کرلیا ہے۔

حیات بی بی کے شوہر فضل کریم اور دو بیٹوں نواز اور داد شاہ فضل کو مختلف اوقات میں خضدار اور حب چوکی سے جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس سے قبل 8 فروری کو حب میں پاکستانی فورسز نے چھاپوں کے دوران مذکورہ خاندان کے سات افراد کو بھی تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا، جن میں جبری لاپتہ خاتون حیات بی بی کے چچا زاد بھائی عبدالرب، محمد رحیم، عبدالرازق، عبدالمالک اور چچا زاد بھائیوں کے بیٹے شاہ زیب، جہانگیر، شاہ میر اور نوروز شامل ہیں۔

مجموعی طور پر اس خاندان کے 11 افراد کو پاکستانی فورسز نے تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے، جن کے حوالے سے تاحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں بلوچستان میں جبری گمشدگیوں میں ایک بار پھر شدت دیکھی جا رہی ہے، جہاں بلوچستان کے مختلف علاقوں سمیت کراچی سے بھی متعدد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

جبری گمشدگیوں کے حالیہ بڑھتے ہوئے واقعات پر ہیومن رائٹس کمیشن، بلوچ یکجہتی کمیٹی اور لاپتہ افراد کے خاندانوں کی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور پاکستان سے شہریوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں روکنے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔