پاکستانی فورسز کا ناروا سلوک، مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹرانسپورٹرز کا دھرنا، ٹریفک معطل

29

سندھ بلوچستان ٹرانسپورٹرز یونین کی جانب سے مکران کوسٹل ہائی وے پر دھرنا دیا گیا ہے، جس کے باعث آمد و رفت کے تمام راستے بند ہو گئے ہیں اور ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔

یونین رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج کوسٹل ہائی وے پر فورسز کے ناروا سلوک کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال اور پہیہ جام جاری رہے گا۔

ٹرانسپورٹرز کا مؤقف ہے کہ ہنگول چیک پوسٹ پر ہر آنے جانے والی بس کو روکا جاتا ہے اور گھنٹوں تک تلاشی لی جاتی ہے، حالانکہ ان کے مطابق اب تک کسی بھی بس سے کوئی غیر قانونی اشیا برآمد نہیں ہوئیں۔

ان کا کہنا ہے کہ طویل چیکنگ کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ کا کاروبار بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

دھرنے کے باعث مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔