قیدیوں کے تبادلے کی پیشکش پر بی ایل اے کے الٹی میٹم میں اب صرف چھ دن رہ گئے ہیں۔
بلوچ لبریشن آرمی کے مطابق رواں ماہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے اورناچ میں جھڑپوں کے دوران گرفتار کیے گئے سات پاکستانی فوجی اہلکاروں کی رہائی اور قیدیوں کے تبادلے کی پیشکش کی مہلت میں مزید چھ دن باقی ہیں۔
بی ایل اے نے اپنے میڈیا چینل “ہکل” پر پاکستانی فوج کے گرفتار سپاہی محمد شہرام ولد محمد ریاض علی سکنہ شیخ پورہ، گاؤں امیر سنگھ پنجاب کی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں پاکستان کو قیدیوں کے تبادلے کے لیے مزید چھ دن کی مہلت دی گئی ہے۔
جاری کردہ ویڈیو میں مذکورہ اہلکار اپنی شناخت، علاقہ اور رینک بتا رہا ہے، جبکہ اس دوران اس کے ہاتھ میں پاکستانی فوج کا سروس کارڈ اور دیگر دستاویزات بھی دکھائی جاتی ہیں۔
بی ایل اے نے گزشتہ روز ایک بیان میں تحویل میں لیے گئے تمام پاکستانی فورسز اہلکاروں کی تصاویر اور تفصیلات شائع کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپریشن ھیروف دوم کے دوران پاکستانی فوج کے 17 اہلکاروں کو حراست میں لیا گیا، جن میں سے 10 اہلکاروں کو بلوچ اور مقامی پولیس و لیویز سے وابستگی کے باعث وارننگ دے کررہا کردیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق باقی سات اہلکار، جو قابض پاکستانی فوج کے ریگولر یونٹس سے وابستہ تھے بی ایل اے کی تحویل میں رہے، ان کے خلاف بلوچ قومی عدالت میں باقاعدہ سماعت کی گئی، جس میں ان پر جنگی جرائم، شہری آبادیوں کے خلاف کارروائیوں، جبری گمشدگیوں میں معاونت اور بلوچ نسل کشی کے عمل میں شمولیت کے الزامات عائد کیے گئے۔
بی ایل اے نے واضح کیا کہ تنظیم کی کمانڈ کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ بین الاقوامی جنگی اصولوں اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کو سات دن کی مہلت دی جائے، اس مدت کے دوران اگر ریاست باضابطہ طور پر جنگی قیدیوں کے تبادلے کے لیے آمادگی ظاہر کرتی ہے تو یہ سات فوجی اہلکار بلوچ جنگی قیدیوں کی رہائی کے بدلے تبادلہ کیے جاسکتے ہیں۔
آج جاری کردہ تازہ ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے پاس اب مزید چھ دن باقی ہیں۔
آخر میں تنظیم نے کہا کہ گرفتار سات فوجی اہلکاروں کی رہائی بلوچ جنگی قیدیوں کی رہائی سے مشروط ہے، اگر آنے والے دنوں کے اندر قابض ریاست کی جانب سے کوئی عملی اور باضابطہ پیش رفت نہ ہوئی تو بلوچ قومی عدالت کے فیصلے کے مطابق ان پر دی گئی سزائے موت پر عمل درآمد کیا جائے گا۔



















































