فرانسیسی پراسیکیوٹر کے سائبر کرائم یونٹ نے آج منگل کو ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” سابق ٹوئٹر کے پیرس میں واقع دفاتر پر چھاپہ مارا، جس میں یورپی پولیس ایجنسی (یورپول) نے بھی تعاون کیا ہے۔
فرانسیسی حکام کے مطابق یہ کارروائی ایک طویل انکوائری کے تحت کی گئی ہے، جس میں متعدد سنگین الزامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
فرانس کی پراسیکیوشن آفس کے بیان کے مطابق، یہ چھاپہ جنوری 2025 میں شروع ہونے والی تفتیش کا حصہ ہے، جہاں مسک کے کمپنی پر زیادتی کا شکار بچوں کی کی تصاویر کی اشاعت، جنسی طور پر واضح “ڈیپ فیک” تصاویر کا پھیلاؤ، انسانیت کے خلاف جرائم کے منکر مواد کا اشتراک، خودکار ڈیٹا سسٹمز میں ممکنہ طور پر غلط استعمال یا الگورتھم کی بددیانتی الزام شامل ہے۔
پراسیکیوٹر کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ ایلن مسک اور ایکس کے سابق چیف ایکزیکٹو لنڈا یاکارینو کو 20 اپریل 2026 کو پیرس میں رضاکارانہ طور پر بیان دینے کے لیے طلب کیا گیا ہے، جبکہ ایکس کے دیگر ملازمین کو بھی گواہوں کے طور پر سنا جائے گا۔
فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ یہ تحقیقات اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں کہ ایکس فرانسیسی اور یورپی قوانین کی پابندی کررہا ہے، خاص طور پر جب پلیٹ فارم فرانس کی حدود میں سرگرم ہے۔
ایکس کی جانب سے اس رپورٹ پر فوری تبصرہ نہیں آیا، لیکن گزشتہ بیانات میں کمپنی نے اس تفتیش کو “سیاست زدہ” قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اس کا مقصد آزادی اظہار پر پابندی لگانا ہے۔



















































