پاکستان کا جبر، تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ریکارڈ عالمی سطح پر معروف ہے۔
بھارتی وزارتِ خارجہ نے پاکستان کی جانب سے لگائے گئے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ بھارت بلوچستان میں ہونے والے حالیہ حملوں میں ملوث ہے۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اور یہ اس کی پرانی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد اپنی داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر بار کسی پرتشدد واقعے کے بعد بے معنی الزامات دہرانے کے بجائے پاکستان کو چاہیے کہ وہ اس خطے میں اپنے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل پر توجہ دے۔
بھارتی ترجمان کے مطابق پاکستان کا جبر، تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ریکارڈ عالمی سطح پر معروف ہے۔
واضح رہے کہ رات گئے پاکستانی وزیر خارجہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ بیان جاری کیا تھا، جہاں بھارت پر بلوچ لبریشن آرمی “بی ایل اے” کی حمایت کا الزام عائد کیا گیا تھا، جسے بلوچستان میں جاری مربوط حملوں آپریشن “ھیروف” کے پیچھے بتایا جارہا ہے۔
بھارت نے ان تمام الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
بلوچ لبریشن آرمی کے حملوں کے بعد بلوچستان میں صورتحال کشیدہ ہیں، جبکہ ترکی، قطر اور برطانوی سفارت خانوں نے بھی بلوچستان میں ہونے والے حملوں کی مذمت کی ہے۔














































