بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کا بلوچستان کتاب کارواں مختلف شہروں میں جاری، عوامی پذیرائی حاصل

5
فائل فوٹو: بی ایس اے سی کی جانب سے رواں سال بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بک اسٹالز لگائے گئے۔

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی تعلیمی و فکری مہم بلوچستان کتاب کارواں کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کتابی سرگرمیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

اسی مہم کے تحت آج ڈیرہ مراد جمالی میں کتاب اسٹال کا انعقاد کیا گیا، جبکہ تنظیم نے کل تربت کے علاقے کوشکلات میں کتاب میلے کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

نصیرآباد زون کی جانب سے ڈیرہ مراد جمالی کے اللہ والا چوک میں ایک روزہ کتاب اسٹال قائم کیا گیا، جہاں مختلف موضوعات پر مبنی معیاری کتب عوام کے لیے دستیاب رکھی گئیں۔

منتظمین کے مطابق اس اسٹال میں تاریخ، ادب، سیاست، سماجی علوم اور فکری موضوعات پر مشتمل کتابیں شامل تھیں جن میں طلبہ، نوجوانوں اور عام شہریوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

دوسری جانب بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی تربت ہینکین کے زیرِ اہتمام 30 جنوری 2026 بروز جمعہ کو ضلع کیچ کے علاقے کوشکلات میں ایک روزہ کتاب میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

منتظمین کے مطابق کتاب میلہ صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گا، جہاں ادب، تاریخ، سیاست، سماجیات، فلسفہ اور تعلیمی موضوعات پر مبنی کتب دستیاب ہوں گی۔

بساک منتظمین کا کہنا ہے کہ بلوچستان کتاب کارواں کا مقصد مطالعے کے زوال پذیر رجحان کو بحال کرنا اور نوجوان نسل کو کتاب اور علم سے دوبارہ جوڑنا ہے۔

ان کے مطابق یہ مہم صرف چند شہروں تک محدود نہیں بلکہ بلوچستان کے مختلف اضلاع اور علاقوں میں مرحلہ وار جاری ہے، جہاں عوام کی جانب سے اس اقدام کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

ڈیرہ مراد جمالی اور دیگر علاقوں کے مقامی افراد اور تعلیمی حلقوں نے اس مہم کو مثبت اور بامقصد اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کتابوں کی عوامی سطح پر فراہمی نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے، مقامی شہریوں کے مطابق ایسے اقدامات نہ صرف شعور بیدار کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں فکری مکالمے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نے طلبہ، اساتذہ، دانشوروں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچستان کتاب کارواں کی سرگرمیوں میں شرکت کر کے تعلیم اور مطالعے کے کلچر کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

واضح رہے کہ بساک کی جانب سے بلوچستان کتاب کارواں کے تحت اس سے قبل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کتاب میلوں اور اسٹالز کا انعقاد کیا جا چکا ہے، جنہیں عوام اور تعلیمی حلقوں کی جانب سے حوصلہ افزا ردِعمل ملا ہے۔