بلوچستان میں تعینات پاکستانی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل ڈیرہ اسماعیل خان میں ہلاک

75

چھٹی پر موجود پاکستانی فوج کے اعلیٰ افسر کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی کو حملے میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پاکستان آرمی کے اعلیٰ افسر لیفٹیننٹ کرنل عمران اور ان کے ہمراہ موجود ایک شخص ہلاک ہوگئے۔

حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے پاکستان آرمی کے لیفٹیننٹ کرنل عمران، سابق جی ایس او، ون آپریشنز، 12 ڈویژن کی تعیناتی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تھی، اور وہ واقعے کے وقت چھٹی پر اپنے آبائی شہر میں موجود تھے۔

واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ پولیس اور پاکستانی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر لاشوں کو تحویل میں لے لیا ہے۔

واقعے کے محرکات اور ملوث افراد کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم مذکورہ علاقے میں پاکستان مخالف مذہبی گروہوں اور تحریک طالبان پاکستان کی موجودگی بتائی جاتی ہے، جو ماضی میں پاکستانی فورسز اور پولیس کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔

گذشتہ سال بلوچستان میں میجر رینک سمیت چھ افسران ہلاک ہوئے تھے جن میں چار افسران کے ہلاکت کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔