ماڑی انرجی لمیٹڈ کا ڈیرہ بگٹی میں نئے گیس ذخائر کی دریافت کا اعلان

47

ماڑی انرجی لمیٹڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کمپنی نے بتایا ہے کہ ڈیرہ بگٹی کے کلچاس ساؤتھ بلاک میں واقع تبری ون کنویں سے گیس دریافت ہوئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق گیس کے ذخائر کنویں کی 7 ہزار 170 فٹ گہرائی میں ملے ہیں، کمپنی کے مطابق ابتدائی نتائج میں کنویں سے یومیہ 6.5 سے 11 ایم ایم ایس سی ایف ڈی تک گیس کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ڈیرہ بگٹی سے کئی برسوں سے پاکستان کے صوبہ پنجاب اور کراچی جیسے بڑے شہروں کو گیس فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ پاکستانی توانائی کی صنعتیں اس گیس پر بڑی حد تک انحصار کرتی رہی ہیں۔

اسی تناظر میں ماڑی انرجی سمیت مقامی اور دیگر بین الاقوامی کمپنیاں گیس اور دیگر قدرتی معدنیات کی تلاش کے لیے بلوچستان میں سرگرم عمل ہیں۔

اسلام آباد میں قائم ماڑی انرجی لمیٹڈ پاکستان کی ایک توانائی کمپنی ہے، جسے حکومت کی جانب سے گزشتہ سال بلوچستان میں بڑے پیمانے پر معدنیات کی تلاش کے لیے لائسنسز اور اراضی فراہم کی گئی تھی۔

یہ کمپنی فوجی فاؤنڈیشن کے تحت پاکستانی فوج کے کنٹرول میں ہے، جہاں پاکستانی فوج کے 40 فیصد حصص ہیں، ماڑی انرجی بنیادی طور پر ہائیڈروکاربن مصنوعات، جن میں قدرتی گیس، خام تیل، کنڈینسیٹ اور مائع پٹرولیم گیس شامل ہیں، کی تلاش، ترقی اور پیداوار کے شعبے میں کام کرتی ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں جاری ان منصوبوں اور ان پر کام کرنے والی کمپنیوں کو بلوچ آزادی پسند سیاسی تنظیموں کی مخالفت اور مسلح تنظیموں کے شدید حملوں کا سامنا رہا ہے۔

پاکستانی سیکیورٹی حکام اور حکومت بلوچ آزادی پسند گروہوں کو معدنیات نکالنے والی کمپنیوں کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہیں، جن کی حفاظت کے لیے مختلف سیکیورٹی یونٹس قائم کیے گئے ہیں۔

بلوچستان سے قدرتی معدنیات، جن میں تیل، گیس، کوئلہ اور دیگر ذخائر شامل ہیں، نکالنے والی ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں اکثر اوقات بلوچ آزادی پسندوں کے حملوں کا نشانہ بنتی رہی ہیں۔

بلوچ آزادی پسند ان منصوبوں کو استحصالی قرار دیتے آئے ہیں، جبکہ مختلف بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں کی جانب سے ان منصوبوں پر حملے کیے جاتے رہے ہیں، جن میں بلوچ لبریشن آرمی کے مجید بریگیڈ کے شدید نوعیت کے حملے نمایاں رہے ہیں۔