تربت میں بدامنی، اغوا برائے تاوان، چوری اور ڈکیتیوں کے خلاف آل پارٹیز کیچ کی اپیل پر مکران بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے، جس کے باعث تجارتی مراکز، دکانیں اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔
آل پارٹیز کیچ کے مطابق ہڑتال نہ صرف ضلع کیچ بلکہ گوادر اور پنجگور میں بھی کی جا رہی ہے۔
ہڑتال کا مقصد تربت میں بڑھتے ہوئے اغوا برائے تاوان اور بدامنی کے واقعات کے خلاف احتجاج اور لاپتہ ٹھیکیدار گل جان کے بیٹے شاہ نواز کی فوری بازیابی کا مطالبہ ہے، جن کے اغوا کاروں نے بھاری تاوان طلب کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ شاہ نواز کی بازیابی اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے خلاف اس سے قبل بھی احتجاجی ریلیاں، جلسے اور شٹر ڈاؤن ہڑتالیں کی جا چکی ہیں، تاہم مطالبات پورے نہ ہونے کے باعث احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
سیاسی قائدین کا کہنا ہے کہ اغوا برائے تاوان جیسے جرائم نے شہریوں کو شدید عدم تحفظ کا شکار کردیا ہے، جس پر خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ شاہ نواز کو فوری بازیاب کرایا جائے اور مکران میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
سیاسی جماعتوں کے مطابق مکران ریجن کے مختلف علاقے بدامنی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں اغوا برائے تاوان اور چوریاں معمول بن چکی ہیں اور شہری اپنے گھروں میں بھی خود کو محفوظ محسوس نہیں کر رہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی بھاری موجودگی کے باوجود حالات مزید خراب ہو رہے ہیں، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔


















































