پنجگور میں پاکستانی فورسز نے آپریشن کے دوران جھڑپوں میں مشتبہ مسلح افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے دعویٰ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پنجگور کے علاقے تَسپ میں ایک کامیاب آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین مسلح افراد مارے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مارے جانے والوں میں اہم کمانڈر فاروق عرف سورو بھی شامل ہے، دیگر مارے گئے افراد کی شناخت احمد اور عدیل کے نام سے ہوئی ہے۔ آپریشن کے دوران مذکورہ افراد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا، جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجگور کے مختلف علاقوں تسپ، پاردان، سوراپ، سگار اور گردنواح میں پاکستانی فورسز کی بڑی تعداد میں پیش قدمی کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جبکہ سوراپ کے مقام پر طویل جھڑپوں میں فورسز کو بھاری نقصانات اٹھانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہے جن میں ہلاک ایک اہلکار کی شناخت صوبیدار محمد یوسف سکنہ میانوالی، پنجاب کے نام سے ہوئی ہے۔
پاکستانی فورسز کے مطابق مارے گئے افراد کا تعلق ایک مسلح تنظیم سے تھا، تاہم مذکورہ علاقے میں متحرک بلوچ آزادی پسند گروہوں کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
















































