طلبہ نے ساتھی طلبہ شعیب بلوچ اور رمیز بلوچ کی بازیابی کے لیے واک کا انعقاد کیا۔
بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کی جانب سے جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے بلوچ طالب علم رمیز بلوچ اور شعیب بلوچ کی محفوظ اور فوری بازیابی کے مطالبے کے لیے ایک پُرامن واک کا انعقاد کیا گیا۔
طلبہ کے مطابق اس واک کا مقصد ساتھی طلبہ کی جبری گمشدگی کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرنا اور عوامی سطح پر آگاہی پیدا کرنا تھا۔
احتجاج میں بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل، پشتون اسٹوڈنٹس کونسل سمیت مختلف طلبہ تنظیموں نے شرکت کی اور بلوچ طلبہ کے خلاف جاری ریاستی مظالم کی مذمت کی۔
شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن کے ذریعے جبری لاپتہ طلبہ کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا اور اس واقعے کو طلبہ کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا گیا۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ یہ پُرامن اور جمہوری اقدام انصاف، انسانی حقوق اور معاشرے میں طلبہ کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ رمیز بلوچ اور شعیب بلوچ کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے اور اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔



















































