میری بہن فاطمہ کو پاکستانی سیکورٹی اداروں نے جبری طور پر لاپتہ کیا۔ بھائی

38

بہن کی جبری گمشدگی کے باعث ہمارا خاندان شدید اذیت میں مبتلا ہے، انصاف فراہم کیا جائے۔

حب چوکی سے پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کی جانب سے حراست کے بعد جبری طور پر لاپتہ کی جانے والی خاتون کے بھائی اور اہلِ خانہ نے حب پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

حب لسبیلہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جبری لاپتہ فاطمہ بنت محمد قاسم کے بھائی نے بتایا کہ ان کی بہن فاطمہ کو 13 جنوری کو اکرم کالونی میں واقع ان کے گھر سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا۔

بھائی کے مطابق کئی روز گزر جانے کے باوجود انہیں یہ نہیں بتایا جا رہا کہ ان کی بہن کہاں ہے اور اسے کس الزام یا جرم کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔

اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ وہ حب چوکی کے مستقل رہائشی ہیں اور علاقے کے عوام اس بات کے گواہ ہیں کہ ان کا خاندان کسی غیرقانونی سرگرمی میں ملوث نہیں، اگر فاطمہ پر کوئی الزام ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے۔

انہوں نے پاکستانی حکومت اور عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ فاطمہ کی بازیابی کے لیے فوری کردار ادا کیا جائے اور اہلِ خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔