آئی ایس پی آر کا قلات میں چار مسلح افراد کو مارنے کا دعویٰ

0

فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ “آئی ایس پی آر” کے مطابق قلات میں مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، جس کے دوران چار مسلح افراد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے مسلح افراد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

پاکستانی فوج کے بیان کے مطابق ہلاک افراد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے، جبکہ قلات میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن تاحال جاری ہے۔

واضح رہے کہ قلات کے علاقے شور پارود میں گزشتہ روز مغرب کے وقت پاکستانی فوج نے ڈرون طیارے کے ذریعے حملہ کیا تھا، جس کے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

علاقائی ذرائع کے مطابق آج بھی علاقے میں ڈرون طیاروں کی پروازیں دیکھی گئی ہیں، تاہم آزاد ذرائع سے پاکستانی فورسز کے آپریشن میں ہلاکتوں کی دعویٰ کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔