بلوچستان: ٹریفک و دیگر حادثات میں 5 افراد جانبحق، 4 زخمی

29

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے ٹریفک اور دیگر حادثات میں مجموعی طور پر خواتین اور بچوں سمیت پانچ افراد جانبحق جبکہ مزید چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کے شہر ڈیرہ مراد جمالی کے لانگو محلہ، وارڈ نمبر 25 میں بارش کے باعث ایک گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک ہی خاندان کے چار افراد جانبحق ہوگئے۔

جانبحق ہونے والوں میں ماں اور تین بچے شامل ہیں، جبکہ والد سمیت مزید تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق خاندان کے تمام 9 افراد ایک ہی کمرے میں سوئے ہوئے تھے، چھت گرنے کے بعد اہلِ محلہ نے ملبے سے لاشیں اور زخمیوں کو نکالا اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب آج بدھ کے روز اوتھل بازار میں بس اسٹاپ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے نصر اللہ ولد عبدالمجید سکنہ کنڈیا روڈ اوتھل نامی ایک راہگیر نوجوان جانبحق ہوگیا۔

متوفی کی لاش کو اوتھل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔

مزید برآں ضلع واشک کی سب تحصیل ناگ کے علاقے سرچشمہ میں ٹرک الٹنے کے نتیجے میں کوئٹہ کا رہائشی آغا گل نامی شخص شدید زخمی ہوگیا، جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔