بلوچستان کے تمام اضلاع بشمول کوئٹہ، خضدار، سبی، نصیرآباد، قلات، ژوب، خاران، کوہلو، لسبیلہ، آواران، پنجگور، چاغی، قلعہ سیف اللہ، چمن، پشین اور دیگر علاقوں میں مسیحی برادری نے کرسمس کا تہوار خوشی، مذہبی عقیدت اور پرامن ماحول میں منایا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان بھر کے چرچز اور کمیونٹی مراکز میں خصوصی عبادات، دعائیہ تقاریب اور مذہبی ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں نوجوانوں اور بچوں نے بھرپور شرکت کی اور جشن کو مزید رنگین بنا دیا۔
کرسمس کے موقع پر مذہبی عبادت گاہوں کو روشنیوں، رنگ برنگی سجاوٹ اور روایتی کرسمس انتظامات سے آراستہ کیا گیا، جبکہ عبادات کے دوران امن، محبت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
مختلف اضلاع میں مسیحی برادری کی جانب سے خیراتی اور فلاحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جس کے تحت ضرورت مند افراد میں کھانے پینے کی اشیا اور تحائف تقسیم کیے گئے۔
مقامی مسیحی رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ کرسمس محض ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ بھائی چارے، محبت، امن اور رواداری کا پیغام دیتا ہے، انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ انسانیت کی خدمت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرسمس کے موقع پر مختلف اضلاع میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ دیکھنے میں آیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کے عوام امن، محبت اور باہمی رواداری کے فروغ کے لیے متحد ہیں۔
کرسمس کے موقع پر بلوچستان بھر میں مقامی انتظامیہ اور مذہبی رہنماؤں کی جانب سے مسیحی برادری کو تہوار کی مبارکباد دی گئی، جبکہ امن و محبت کے ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے عوام سے تعاون کی اپیل بھی کی گئی۔












































