ماسکو میں کار بم دھماکا، سینئر روسی جنرل ہلاک

9

روس کے دارالحکومت ماسکو میں 22 دسمبر 2025 کو ایک کار بم دھماکے کے نتیجے میں روسی فوج کا ایک اعلیٰ سطحی جنرل ہلاک ہوگیا۔

روسی حکام کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب ایک بم گاڑی کے نیچے نصب کیا گیا تھا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔

غیر ملکی میڈیا اور روسی تفتیشی اداروں کے مطابق ہلاک ہونے والے افسر کی شناخت لیفٹیننٹ جنرل فانیل سروروف کے طور پر کی گئی ہے، جو روسی جنرل اسٹاف کے آپریشنل ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ تھے، وہ روسی فوج کی اعلیٰ قیادت میں شمار ہوتے تھے اور یوکرین جنگ کے تناظر میں ایک اہم عہدہ رکھتے تھے۔

روسی تفتیشی کمیٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوجداری مقدمہ درج کرلیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ 

حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں غیر ملکی خفیہ اداروں کی ممکنہ مداخلت سمیت تمام امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم تاحال کسی گروہ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب روس اور یوکرین کے درمیان جنگ جاری ہے اور حالیہ مہینوں میں روس کے اندر اعلیٰ فوجی شخصیات کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس نے روسی سیکیورٹی انتظامات پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔