سبی، کولپور: ریلوے ٹریکس پر دھماکے، ٹرین سروس معطل

0

نامعلوم افراد نے دو مختلف مقامات پر ریلوے ٹریک کو بم دھماکوں کا نشانہ بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے مشکاف کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے نصب کردہ بارودی مواد کے دھماکے سے ریلوے ٹریک تباہ ہوگیا۔

سبی کے حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں تقریباً تین فٹ ریلوے ٹریک متاثر ہوا، جبکہ اسی دوران کولپور کے مقام پر بھی ریلوے ٹریک کو دھماکے سے نقصان پہنچایا گیا۔

بم حملوں کے باعث ریلوے حکام نے کوئٹہ جانے والی تمام ٹرین سروسز معطل کر دی ہیں، جبکہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

کوئٹہ ریلوے حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے کے باعث کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس اور کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد تمام ریلوے سروسز بحال کر دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ سبی ریلوے ٹریک پر حملے کی ذمہ داری بلوچ ریپبلکن گارڈ نے قبول کی ہے، بلوچ ریپبلکن گارڈز کے ترجمان کے مطابق سرمچاروں نے سبی اور ڈھاڈر کے درمیانی علاقے میں ریلوے ٹریک کو بارودی مواد نصب کر کے دھماکے سے اڑا دیا۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا انکی تنظیم ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور اس طرح کے حملے بلوچستان کی آزادی تک جاری رہیں گے