سیکورٹی خدشات باعث بلوچستان میں ریلوے سروس پھر معطل

166

بلوچستان میں ریلوے سروس ایک روز کے لیے معطل کردی گئی ہے ۔

ریلوے حکام کے مطابق ناگزیر وجوہات کی بناء پر بروز منگل کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس، اور کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل نہیں چلائی جائیں گی ۔

حکام کے مطابق کوئٹہ سے چمن جانے والی چمن پسنجر ٹرین بھی معطل کردی گئی ہے جبکہ پشاور سے آنے والی جعفر ایکسپریس بھی آج نہیں آئے گی۔

حکام نے ریلوے سروس کی بندش کی وجوہات کی تفصیلات نہیں بتائیں لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی خدشات کے باعث یہ اقدام اٹھایا جارہا ہے ۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں بلوچ آزادی پسندوں کے حملوں کے بعد سے بلوچستان سے دیگر علاقوں کو جانے والی بالخصوص پنجاب اور پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس گزشتہ کئی ماہ سے معطل ہے، جبکہ کوئٹہ سے کراچی، پنجاب اور خیبر پختونخوا جانے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

مزید برآں، رواں سال مارچ میں بلوچ لبریشن آرمی نے ایک حملے میں کوئٹہ سے پشاور بذریعہ لاہور جانے والی جعفر ایکسپریس کو کئی روز تک اپنے قبضے میں رکھا اور اس دوران 200 سے زائد پاکستانی فورسز اہلکاروں کو ہلاک کیا گیا۔