گریشہ: پاکستانی فورسز کا آپریشن، 7 نوجوان جبری لاپتہ

35

پاکستانی فورسز نے سات افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

خضدار سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز کا آپریشن گزشتہ دو روز سے جاری ہے، جہاں خضدار کے علاقے اورناچ اور گریشہ میں فورسز بڑے پیمانے پر پیش قدمی کررہی ہیں۔

گریشہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق آپریشن کے دوران اب تک پاکستانی فورسز نے سات افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا ہے۔

پاکستانی فورسز کے ہاتھوں حراست میں لیے گئے افراد میں عارف ولد گاجیان، زاہد بلوچ، بشیر بلوچ ولد ظاہر خان، ضمیر ولد عبدالواحد، سلیم بلوچ، ظہور بلوچ، اور فتح بلوچ شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کے ہاتھوں حراست میں لیے گئے یہ ساتوں افراد تاحال منظرِ عام پر نہیں آسکے ہیں۔

واضح رہے کہ خضدار کے علاقوں گریشہ اور اورناچ میں بڑے پیمانے پر زمینی اور فضائی آپریشن کی اطلاعات ہیں، جبکہ ان علاقوں میں فوجی پیش قدمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تاہم فورسز حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔