کیچ میں ایف سی فائرنگ سے زخمی خاتون کو علاج نہ ملنے پر سی پیک روٹ بند، سہاکی کیمپ کے سامنے دھرنا جاری

148

بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایف سی فائرنگ میں زخمی ہونے والی خاتون کو فوری طبی امداد اور انصاف کی فراہمی کے مطالبے پر احتجاج جاری ہے۔ احتجاج کے باعث سی پیک روڈ بند ہے اور سہاکی کی کیمپ کے سامنے دھرنا بھی دیا جارہا ہے۔

واقعہ 8 دسمبر کو بالگتر سہاکی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مقامی لوگوں کے مطابق پاکستانی فورسز فرنٹیئر کور کی فائرنگ سے نذیر نامی شہری کی اہلیہ دوردانگ شدید زخمی ہوئیں۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ خاتون کو تشویش ناک حالت میں کراچی منتقل کیا گیا، تاہم وہاں کے اسپتال نے ایف آئی آر کی عدم موجودگی کے باعث انہیں داخل کرنے سے انکار کر دیا۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ زخمی خاتون کی حالت مسلسل بگڑ رہی ہے جبکہ سرکاری اداروں کی جانب سے کوئی واضح تعاون سامنے نہیں آیا۔ اسی صورتحال کے خلاف شہریوں نے سڑک بلاک کر کے دھرنا دیا ہوا ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

مظاہرین مطالبہ کر رہے ہیں کہ دوردانگ کو فوری اور معیاری علاج فراہم کیا جائے اور فائرنگ کے واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔