حب چوکی: غیرت کے نام پر خاتون و مرد قتل

0

حب میں غیرت کے نام پر ایک خاتون اور مرد کو قتل کردیا گیا۔

بلوچستان کے ضلع حب کے علاقے لاکھڑا سے پولیس کو ایک خاتون اور ایک مرد کی لاشیں ملی ہیں، جنھیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا، پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا۔

مقتولین کی شناخت 40 سالہ یوران ولد وندر عرف بہرام اور 22 سالہ بختاور کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق دوہرے قتل کی وجہ کاروکاری کا الزام ہے، جس کے تحت مقتولہ کے شوہر بلال ولد سومار نے اپنی بیوی اور اس کے مبینہ آشنا کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور موقعِ واردات سے فرار ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کا تعلق ضلع جھل مگسی سے تھا، تاہم وہ اس وقت لاکھڑا کے علاقے صدوری میں مقیم تھے۔

پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔