اسلام آباد: جبری لاپتہ طالب علم سعید بلوچ کے بھائی کو گرفتار کر لیا گیا

10

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے جبری لاپتہ طالب علم سعید بلوچ کے بھائی اعظم بلوچ اور طالب علم مجید بلوچ کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ڈسٹرکٹ کورٹ، G-11 جوڈیشل کمپلیکس کے سامنے پیش آیا، جہاں اسلام آباد پولیس نے سعید بلوچ کے بھائی اعظم بلوچ اور بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل اسلام آباد کے رکن مجید بلوچ کو زبردستی حراست میں لے لیا۔

بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل نے بتایا کہ یہ غیر قانونی گرفتاری وکلا اور صحافیوں کی موجودگی میں عمل میں لائی گئی، مگر پولیس نے نہ کوئی وجہ بتائی، نہ ایف آئی آر دکھائی، اور نہ ہی کسی قسم کی قانونی وضاحت فراہم کی۔

ترجمان نے کہا کہ ہم اس ریاستی طاقت کے بے شرمانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ایسے اقدامات نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ ہر شہری کے جمہوری حقوق پر براہِ راست حملہ ہیں۔ حکام چاہے جبر اور دھمکیوں سے سچ کو دبانے کی کوشش کریں، لیکن ایسے بزدلانہ ہتھکنڈے صرف ان کے احتساب کے خوف کو بے نقاب کرتے ہیں۔

بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل نے مزید کہا کہ ہم اعظم بلوچ اور مجید بلوچ کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں اور زور دیتے ہیں کہ اس غیر قانونی اقدام کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔