بلیدہ: لاش کی شناخت پرائیویٹ اسکول کے جبری لاپتہ ٹیچر کے طور پر ہوئی

1

ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ میں بدھ کی شب ریکو ندی سے ملنے والی لاش کی شناخت پرائیویٹ اسکول کے ٹیچر ایاز بلوچ ولد محمد اکبر ساکن میناز بلیدہ کے نام سے ہوئی ہے۔

خاندانی اور علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایاز بلوچ کو 12 نومبر 2025 کو اسکول سے گھر جاتے ہوئے راستے میں حکومتی حمایت یافتہ مسلح گروہ کے بندوق بردار افراد نے جبری لاپتہ کیا تھا۔ خاندان کی جانب سے جمعرات کی صبح 11 بجے میناژ میں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کا اعلان کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں حکومتی سرپرستی میں سرگرم مسلح گروہوں کے لیے “ڈیتھ اسکواڈ” کی اصطلاح عام طور پر استعمال کی جاتی ہے۔ ڈیتھ اسکواڈ سے مراد ایسے گروہ ہیں جو اکثر عام شہریوں، سیاسی کارکنوں، انسانی حقوق کے نمائندگان یا مزاحمت کاروں کو نشانہ بناتے ہیں۔

قوم پرست حلقوں کا مؤقف ہے کہ ان گروہوں کو نہ صرف حکومتی اور عسکری اداروں کی پشت پناہی حاصل ہوتی ہے بلکہ اکثر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی ان کے خلاف کارروائی سے گریز کرتے ہیں۔

ان گروہوں پر قتل، اغوا، بدترین تشدد، بم حملوں اور عام شہریوں کو خوف زدہ کرنے جیسے سنگین الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔