کیچ: پاکستانی فورسز پر دو مختلف حملے، پل دھماکے سے تباہ

120

بلوچستان کے ضلع کیچ میں گزشتہ روز مسلح افراد نے پاکستانی فوج کو دو مختلف حملوں میں نشانہ بنایا، جبکہ ایک پُل کو دھماکے سے تباہ کردیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز دوپہر کو دشت میں دریا چم اور شَند کے درمیان مسلح افراد نے پاکستانی فوج کے ایک قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا، اسی طرح ضلع کیچ کی تحصیل مند کے پہاڑی علاقے شیپچار میں مسلح افراد نے پاکستانی فوج کی ایک چیک پوسٹ کو حملے میں نشانہ بنایا۔

دونوں حملوں میں پاکستانی فورسز کے جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات ہیں، حملوں کے بعد پاکستانی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔

مزید برآں کیچ مند کے علاقے کوہ ڈگار میں نامعلوم افراد نے گزشتہ دنوں ایک پُل کو بارودی مواد نصب کرکے دھماکے سے تباہ کردیا، جس کے باعث شاہراہ بند ہوگئی اور گاڑیوں کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں بلوچ آزادی پسند مسلح گروپس متحرک ہیں، جو آئے روز پاکستانی فورسز پر حملے کرتے رہے ہیں، تاہم کسی تنظیم نے ان تازہ حملوں کی ذمہ داری تاحال قبول نہیں کی ہے۔