ضلعی انتظامیہ گوادر نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے جیوانی، پانوان اور گوادر شہر کے درمیان چلنے والی تمام تیل بردار گاڑیوں، بالخصوص زمیاد اور دیگر وہ گاڑیاں جو تیل لادنے یا اس کی ترسیل میں مصروف ہیں، کے داخلے پر فوراً پابندی عائد کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ڈرائیوروں اور متعلقہ افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جیوانی کی جانب سفر کرنے سے گریز کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان گاڑیوں کو فوری طور پر ضبط کر لیں گے۔
مزید برآں، پولیس، پاکستان کوسٹ گارڈ اور ایف سی سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اس فیصلے پر مؤثر اور سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
اس نوٹیفکیشن پر گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات انہیں مزید روٹی روزگار کا محتاج بنا رہے ہیں۔ حکومت پہلے ہی سرحدی راستے اور دیگر کاروبار بند کر چکی ہے، اور اب ایسے فیصلے لوگوں کو مزید معاشی بھوک اور تنگدستی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

















































