بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فائرنگ، گھریلو تشدد اور ٹریفک حادثات کے الگ الگ واقعات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔ تمام واقعات گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پیش آئے، جن پر متعلقہ پولیس تھانوں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ڈیرہ مراد جمالی کے سٹی پولیس تھانہ شرقی کی حدود ابڑو محلہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق خاتون کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
پولیس نے لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ضلع کچھی کے تھانہ بھاگ کی حدود محموداولیاء کے قریب گزشتہ شب سیاہ کاری کے الزام میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک خاتون سمیت دو افراد کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔
لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر دیا گیا، اور مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
لورالائی میں فائرنگ کے ایک واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی ملک محمد اصغر عثمان کی سربراہی میں پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ ٹیم میں ایس ڈی پی او کریم مندوخیل، ایس ایچ او ہمایوں ناصر، سی آئی اے انچارج ممتاز احمد اور دیگر اہلکار شامل تھے۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دلبر خان ولد اسماعیل (ساکن نیو باور) کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
سوراب کسٹم چیک پوسٹ کے قریب دو گاڑیوں کے درمیان تیز رفتاری کے باعث شدید تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی سوراب سے کوئٹہ جبکہ دوسری گاڑی کوئٹہ سے سوراب آرہی تھی۔
زخمیوں میں علی حسن ولد محمد ہاشم، غلام مصطفیٰ ولد محمد عمر اور تین خواتین شامل ہیں۔
پولیس موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سول اسپتال سوراب منتقل کر دیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
وڈھ کے علاقے کاکا ہیر میں مدینہ ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 22 سالہ نوجوان نواب ولد محمد اسحاق کو قتل کر دیا۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرکے شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو ہسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق گمشادزئی قبیلے سے تھا اور وہ میہاندر وڈہ کا رہائشی تھا۔















































