بلوچستان: مختلف حادثات و واقعات میں 6 افراد جانبحق، متعدد زخمی

13

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات و واقعات میں مجموعی طور پر 6 افراد جانبحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گوادر میں سمندر میں ڈوب کر ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، متوفی کی شناخت واحد بخش ولد محمد مراد سکنہ شاہی تمپ جیونی کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس بھوسہ منڈی میں معمولی تکرار جھگڑے میں بدل گئی، پولیس ذرائع کے مطابق جھگڑے کے دوران لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جانبحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ 

زخمی اور جانبحق ہونے والے شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

حب کے علاقے ساکران حسن پیر کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جانبحق جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہوگیا۔

واقعہ جاوید ہوٹل کے قریب پیش آیا جانبحق شخص کی شناخت شاہنواز چھٹہ ساکن ویراب دریجی کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی شاہنواز رند کو تشویشناک حالت میں کراچی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دریں اثناء خضدار میں سی پیک شاہراہ فیروز آباد کے مقام سرخ چڑھائی پر پک اپ اور ڈمپر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین افراد جانبحق جبکہ مرد، خاتون اور بچہ سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ 

جانبحق افراد میں ایک بچہ بھی شامل ہے، لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر خضدار ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔