گوادر اور کراچی سے دو افراد کو پاکستانی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق امجد ولد غلام محمد جو دشت زرین بگ کے رہائشی ہیں، چند روز قبل کراچی ایئرپورٹ سے لاپتہ ہوئے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ امجد متحدہ عرب امارات میں روزگار کے سلسلے میں مقیم تھے اور چھٹیاں گزارنے کے لیے آرہے تھے۔ ان کے مطابق امجد کو کراچی ایئرپورٹ سے پاکستانی فورسز نے حراست میں لیا اور اس کے بعد وہ لاپتہ ہو گئے۔
اسی طرح حکیم شریف دشت زرین بگ کے رہائشی ہیں، ایک ہفتہ قبل گوادر سے پاکستانی فورسز نے حراست میں لیے کر لاپتہ کردیا۔
خیال رہے کہ حکیم شریف کے والد، شریف کو بھی 2015 میں پاکستانی فورسز نے حراست میں لیا تھا۔ وہ چار سال لاپتہ رہنے کے بعد رہا ہوئے تھے۔ اب ان کے بیٹے حکیم کے لاپتہ ہونے پر اہلخانہ ایک بار پھر شدید اضطراب میں ہیں۔
بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا مسئلہ کئی برسوں سے انسانی حقوق کی تنظیموں کے لیے تشویش کا باعث رہا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں طویل عرصے سے لاپتہ افراد کے کیسز اٹھاتی رہی ہیں۔



















































