بلوچستان: فائرنگ اور حادثے میں پانچ ہلاک، تین زخمی

1

خضدار کے علاقے فیروز آباد سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جسے ریسکیو حکام نے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق لاش کے جسم پر گولیوں کے نشانات موجود ہیں اور شناخت جاری ہے۔

وہاں پنجگور کے علاقے شاپاتان میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ظفر ولد استاد محمد علی اور نعیم ولد حاجی اعظم کے طور پر ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد مسلح افراد فرار ہو گئے، جبکہ قتل کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔ تحقیقات جاری ہیں۔

دریں اثنا، کوئٹہ، کچلاک اور بوستان کے درمیان کلی قاسم کے مقام پر ایک تیز رفتار مزدا گاڑی نے دو موٹر سائیکلوں اور ایک رکشے کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی انتہائی تیز رفتاری سے آ رہی تھی اور ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک کنارے چلنے والی گاڑیوں سے جا ٹکرائی، جس کے باعث موٹر سائیکلیں اور رکشہ بری طرح تباہ ہو گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت ابتدائی طور پر مقامی رہائشیوں کے طور پر کی گئی ہے۔

حادثے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہوئی، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سڑک کھول دی اور ٹریفک بحال کر دی۔