تربت، حب چوکی: 2 نوجوان جبری لاپتہ

2

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، کیچ اور حب چوکی سے دو نوجوان جبری لاپتہ کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے پیدراک میں پاکستانی فورسز نے چھاپہ کے دوران چاکر ولد اکبر علی کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

اہلِ خانہ کے مطابق چاکر اکبر اس وقت کوئٹہ میں میڈیکل ٹیکنیشن کا کورس کر رہے تھے اور چند روز قبل گھر آئے ہوئے تھے۔

اہلِ خانہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چاکر اکبر کا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں، ان کی گرفتاری غیر قانونی اور غیر آئینی عمل ہے۔

انہوں نے حکومتِ بلوچستان اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ چاکر اکبر کو فوری طور پر بازیاب اور رہا کیا جائے تاکہ اہلِ خانہ کی تشویش اور اضطراب ختم ہو۔

مزید برآں بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں دارو ہوٹل سے ایک نوجوان مارو پنڈوک کو کورولا گاڑی میں سوار مسلح افراد نے تشدد بعد اغوا کرکے اپنا ساتھ لے گئے۔

لواحقین نے انکی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ۔