حکومتِ بلوچستان نے ضلع پشین میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 15 دن کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق یہ پابندی 20 نومبر 2025 تک نافذ العمل رہے گی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے دوران ضلع پشین میں اسلحے کی نمائش، جلسے، جلوس، دھرنے یا پانچ سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یکم اگست کو صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر بلوچستان حکومت نے یکم تا 15 اگست تک دفعہ 144 نافذ کی تھی، جس میں بعد ازاں کئی بار توسیع کی گئی۔ آخری توسیع 29 اگست کو دی گئی تھی، جو 15 ستمبر تک برقرار رہی۔
اسی دوران 8 ستمبر کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس نے اجتماعات پر پابندی کی خلاف ورزی، مبینہ طور پر زبردستی بازار بند کرانے اور شاہراہیں بلاک کرنے کے الزام میں 100 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا تھا۔
کوئٹہ کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) محمد بلوچ کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد ضلع پشین اور اطراف میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ یقینی بنانا ہے۔


















































