بلوچستان کے ضلع آواران میں ہونے والے ایک حملے میں پاکستان فوج کو جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ حملے میں ایک افسر سمیت تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
گذشتہ روز جھاؤ کے علاقے پتکی میں پاکستانی فوج کے قافلے پر گھات لگاکر مسلح افراد نے حملہ کیا۔ علاقائی ذرائع کے مطابق فوجی قافلے کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ آپریشن کے بعد واپس جارہی تھی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حملہ دیر تک جاری رہا جس میں فوج کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دی بلوچستان پوسٹ کو ذرائع نے بتایا کہ حملے میں فوج کے کیپٹن ارتضیٰ اور مزید دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن کو سی ایم ایچ خضدار منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام نے حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔
مذکورہ علاقے میں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہیں تاہم اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔


















































