بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے فائرنگ اور حادثات کے واقعات میں مجموعی طور پر 4 افراد جانبحق، 9 افراد زخمی، جبکہ دو لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوراب کے علاقے چھڈ بودلا میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نبی بخش نامی شخص کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے، مقامی انتظامیہ نے لاش کو اسپتال منتقل کرنے کے بعد ضروری کارروائی مکمل کرکے ورثا کے حوالے کردیا۔
دوسری جانب چاغی کے علاقے کیشنگی میں کوئٹہ سے دالبندین جانے والی ڈاکٹروں کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے میں پرنس فہد اسپتال سے وابستہ لیڈی ڈاکٹر سمیرہ ایاز موقع پر جانبحق ہوگئیں، جبکہ ڈاکٹر وسیم باری، ان کی اہلیہ اور دو دیگر افراد شدید زخمی ہیں۔
ایک اور حادثہ تربت کے علاقے ہیرونک میں ایم-8 شاہراہ پر پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار کار سڑک سے پھسل کر کھائی میں جاگری، حادثے کے نتیجے میں دو خواتین لائبہ بنت مراد حاصل اور ان کی والدہ رئسیانہ مراد حاصل جانبحق ہوگئیں، جبکہ خدا بخش، فیروزہ اور مراد نامی تین افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔
ادھر ڈیرہ بگٹی سوئی روڈ پر مزدہ ٹرک الٹنے سے دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سوئی اسپتال منتقل کیا گیا۔
مزید برآں ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں پولیس تھانہ لنجو صفاری کی حدود میں بارودی سرنگ کے دھماکے کی زد میں آکر جمشیر چاکرانی بگٹی نامی شخص زخمی ہوگیا۔
دریں اثنا، موسیٰ خیل کے علاقے گورو سے مقامی لیویز کو دو نامعلوم افراد کی لاشیں ملی ہیں، لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ضروری کارروائی کے بعد انہیں شناخت کے لیے مردہ خانے میں رکھ دیا گیا ہے۔
















































