گرلز ڈگری کالج نوشکی کی طالبات کا بی ایس پروگرام بندش کیخلاف احتجاج، مرکزی شاہراہ پر دھرنا

94

گرلز ڈگری کالج نوشکی کی طالبات نے کالج میں بی ایس پروگرام کی بندش کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، ریلی گرلز ڈگری کالج سے شروع ہوکر پاکستان ایران مرکزی شاہراہ (این-40) پر پہنچی، جہاں طالبات نے نوشکی کراس کے قریب شاہراہ پر دھرنا دے کر ٹریفک کو معطل کردیا۔

احتجاج کے دوران طالبات نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب صوبائی حکومت بلوچستان میں تعلیم کے فروغ، ترقی اور خوشحالی کے بلند و بانگ دعوے کرتی ہے مگر دوسری جانب گرلز ڈگری کالج نوشکی میں گزشتہ دو سال سے جاری بی ایس پروگرام کی اچانک بندش نے ان دعوؤں کی حقیقت کھول کر رکھ دی ہے۔

طالبات نے کہا کہ بی ایس پروگرام کی بندش نہ صرف ان کے قیمتی وقت کا ضیاع ہے بلکہ طالبات کو اعلیٰ تعلیم سے محروم کرنے کی ایک سازش ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنے تعلیمی حقوق کے لیے کسی بھی صورت میں پیچھے نہیں ہٹیں گی اور اگر مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

تقریباً چار گھنٹے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عمر جمالی اور مانیٹرنگ آفیسر کالجز رخشان ڈویڑن موقع پر پہنچے اور طالبات سے مذاکرات کیے۔ مذاکرات کے دوران انتظامیہ نے طالبات کو یقین دہانی کرائی کہ بی ایس پروگرام بحال رہے گا اور جلد ہی کلاسز کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔