کوئٹہ: نظر مری کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج

0

اتوار کے روز بلوچ یکجہتی کمیٹی کوئٹہ زون کی جانب سے نظر مری کی جبری گمشدگی کے خلاف کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ان کی فوری اور محفوظ بازیابی کا مطالبہ کیا گیا۔

مظاہرے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے جبری گمشدگیوں کے خلاف نعرے بازی کی ۔

مظاہرین نے کہاکہ بلوچستان میں جاری جبری گمشدگیوں کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی، جبری گمشدگی کا عمل اب بلوچ عوام کو دبانے کے لیے ایک منظم ریاستی ہتھیار بن چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نظر مری کا اغوا، ان درجنوں نہیں بلکہ سینکڑوں لاپتہ بلوچوں کی فہرست میں ایک اور نام کا اضافہ ہے، جنہیں ریاستی سرپرستی میں، بغیر کسی قانونی کارروائی کے، زبردستی اٹھا لیا گیا۔

مظاہرین نے کہاکہ پورے بلوچستان میں خاندان اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں، مگر ریاستی ادارے مسلسل خاموش ہیں۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ ریاستی جبر، جبری گمشدگیوں، اور انسانی حقوق کی پامالی کے ہر عمل کے خلاف مزاحمت جاری رکھے گی، اور لاپتہ افراد کے خاندانوں کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی رہے گی۔