خاران میں ایس ایچ او ہلاک، مستونگ میں پاکستانی فورسز اور معدنیات لے جانے والی گاڑیوں پر حملے

83

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پولیس، پاکستانی فورسز اور معدنیات لے جانے والے ٹرک حملوں کا نشانہ بنے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خاران میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او محمد قاسم موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ایس ایچ او کی لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا۔

ادھر بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کی ایک گشتی ٹیم پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، جہاں فورسز کو جانی نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں۔

مزید برآں مستونگ ہی کے علاقے کھڈکوچہ میں ٹُل کے مقام پر معدنیات لے جانے والے دو ٹرکوں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

واقعے کے بعد فرنٹیئر کور کی بھاری نفری دو بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔