بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا احتجاجی کیمپ، تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد کی سربراہی میں، کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بدھ کے روز 5969ویں دن بھی جاری رہا۔
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ جناح روڈ، کوئٹہ سے 27 اگست کو جبری گمشدگی کا شکار ہونے والا نوجوان ثاقب بزدار بازیاب ہوگیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ثاقب بزدار کا کیس تنظیمی سطح پر کمیشن برائے جبری گمشدگیوں اور صوبائی حکومت کے سامنے پیش کیا گیا تھا، جس کے بعد 9 اکتوبر کو کمیشن نے اس کیس پر قانونی کارروائی کا آغاز کیا۔
نصراللہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ ثاقب بزدار کی بازیابی ایک مثبت پیش رفت ہے، تاہم اب بھی سینکڑوں بلوچ لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔
انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے اور جبری گمشدگیوں کا سلسلہ ختم کیا جائے۔
نصراللہ بلوچ نے کہا کہ وی بی ایم پی جبری گمشدگیوں کے متاثرین کی آواز کو پرامن اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے بلند کرتا رہے گا، تاکہ ہر شہری کو آئینی و انسانی حقوق کی ضمانت فراہم کی جا سکے۔